منچن آباد میں بارشوں کا سلسلہ جاری، انتظامیہ نکاسیٔ آب کے لیے متحرک، مین بازار اور مدنی چوک میں آپریشن تیز

منچن آباد: منچن آباد اور گردونواح میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث متعدد نشیبی علاقوں اور اہم شاہراہوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا۔ صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹی اور متعلقہ اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نکاسیٔ آب کا آپریشن تیز کر دیا ہے۔

انتظامیہ کی ٹیمیں مین بازار، مدنی چوک اور دیگر متاثرہ علاقوں میں مسلسل مشینری اور عملے کی مدد سے بارش کے پانی کی نکاسی میں مصروف ہیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات سے جلد از جلد نجات دلائی جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام متعلقہ محکمے الرٹ ہیں اور نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ ڈی واٹرنگ پمپس اور دیگر مشینری کو فعال رکھا گیا ہے تاکہ بارش کے دوران یا بعد میں پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری طور پر زیر آب سڑکوں پر سفر سے گریز کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں