منچن آباد میں نہر کا بند ٹوٹ گیا، سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی اور آبادیوں کو خطرہ، فوری امدادی کارروائی کا مطالبہ
منچن آباد: تحصیل منچن آباد کے علاقے میکلوڈگنج کے نواحی گاؤں چک سائیاں میں نہر کا بند ٹوٹ جانے سے سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی اور قریبی رہائشی آبادیوں کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بند ٹوٹنے کے فوراً بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت پانی کا بہاؤ روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر شگاف بند کرنے کی کوششیں شروع کر دیں تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔ تاحال بند ٹوٹنے کی حتمی وجہ سامنے نہیں آ سکی، تاہم مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ محکمہ انہار کی مبینہ غفلت یا رات کے وقت کیے گئے غیر معیاری مرمتی کام کے باعث بھی پیش آیا ہو سکتا ہے، البتہ اس حوالے سے حتمی رائے متعلقہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
اہلِ علاقہ نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ انہار کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بھاری مشینری، امدادی ٹیمیں اور متعلقہ عملہ موقع پر روانہ کیا جائے تاکہ نہر کے شگاف کو جلد از جلد پر کر کے مزید زرعی، مالی اور جانی نقصان سے بچایا جا سکے۔