منچن آباد (نمائندہ خصوصی) تحصیل منچن آباد میں نکاسی آب، صحت، انتظامی امور اور عوامی خدمات سے متعلق بنیادی مسائل بدستور برقرار ہیں، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
شہریوں کے مطابق شہر میں نکاسی آب کا ناقص نظام معمولی بارش کو بھی شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنا دیتا ہے۔ کئی علاقوں میں بارش کا پانی طویل عرصے تک کھڑا رہنے سے آمدورفت متاثر ہوتی ہے اور عوام کو روزمرہ زندگی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتال میں ادویات، ڈاکٹرز اور دیگر ضروری سہولیات کی کمی کے باعث مریض نجی ہسپتالوں سے علاج کرانے پر مجبور ہیں، جس سے ان پر اضافی مالی بوجھ پڑتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم عوام کو اب بھی مطلوبہ طبی سہولیات میسر نہیں آ سکیں۔
شہریوں نے تحصیل آفس میں مبینہ طور پر غیر ضروری تاخیر اور بدانتظامی جبکہ پولیس کے حوالے سے انصاف کی فراہمی میں امتیازی رویوں کی شکایات بھی سامنے رکھیں۔ ان کے مطابق ان مسائل کے باعث عام شہری خود کو بے بس محسوس کرتا ہے۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ انہیں ایسا ادارہ درکار ہے جہاں عوامی معاملات مکمل شفافیت، میرٹ اور قانون کے مطابق بروقت نمٹائے جائیں۔ انہوں نے حکومت پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ منچن آباد کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، احتساب اور مؤثر نگرانی کے نظام کو مضبوط بنایا جائے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
شہریوں نے سوال اٹھایا کہ منچن آباد کے عوام آخر کب تک بنیادی سہولیات سے محروم رہیں گے؟