منچن آباد میں ایک ہی رات پانچ دکانوں کے تالے ٹوٹ گئے، تاجروں کا چوری کی وارداتوں پر احتجاج
منچن آباد (نمائندہ خصوصی): منچن آباد شہر میں چوری کی وارداتوں میں تشویشناک اضافہ سامنے آیا ہے، جہاں نامعلوم چوروں نے ایک ہی رات میں پانچ دکانوں کے تالے توڑ کر نقدی اور مختلف قیمتی سامان چوری کر لیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں مبینہ طور پر دو نقاب پوش افراد کو موٹر سائیکل پر دکانوں کے قریب آتے اور واردات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج کے مطابق ایک ملزم انتہائی اطمینان کے ساتھ دکان کے تالے توڑتا ہے جبکہ دوسرا موٹر سائیکل پر موجود رہتا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزمان بغیر کسی خوف کے وارداتیں کر رہے تھے۔
متاثرہ تاجروں کے مطابق چور دکانوں سے نقد رقم اور مختلف اشیاء لے کر فرار ہوگئے، تاہم پولیس تاحال ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔
مسلسل وارداتوں پر منچن آباد کے تاجروں میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کرکے انہیں فوری گرفتار کیا جائے اور شہر میں تاجروں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
تاجروں نے ڈی پی او بہاولنگر اور آر پی او بہاولپور سے فوری نوٹس لینے اور چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ شہر میں مسلسل چوری کی وارداتوں کے باعث کاروباری طبقہ شدید عدم تحفظ کا شکار ہے، لہٰذا اعلیٰ پولیس حکام مؤثر اقدامات کرتے ہوئے شہریوں اور تاجروں کو جان و مال کا تحفظ اور محفوظ کاروباری ماحول فراہم کریں۔